بیجنگ: جہاں دنیا کے بیشتر ممالک میں نیشنل گرڈ میں خرابی کی صورت میں بجلی کی بحالی میں گھنٹوں یا بعض اوقات دنوں لگ جاتے ہیں، وہیں چین نے ایک ایسی جدید اسمارٹ پاور گرڈ ٹیکنالوجی تیار کر لی ہے جو بلیک آؤٹ کو ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ختم کر سکتی ہے۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ نئی گرڈ پروٹیکشن ٹیکنالوجی پاور گرڈ میں پیدا ہونے والی خرابیوں کو فوری طور پر الگ کر کے صرف سیکنڈ کے دسویں حصے میں بجلی بحال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ روایتی نظام میں یہی عمل کئی گھنٹے لے لیتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف بڑے فالٹس بلکہ مائیکرو فالٹس کو بھی انتہائی کم وقت میں شناخت کر کے درست کر دیتی ہے، جس سے بجلی کی فراہمی زیادہ محفوظ اور مستحکم ہو جاتی ہے۔
یہ جدید نظام چائنا پاور ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے تیار کیا ہے، جو اسٹیٹ گرڈ کارپوریشن آف چائنا سے منسلک ادارہ ہے۔ اس ٹیکنالوجی کو چین بھر میں نافذ کیا جائے گا جبکہ اسے 12 دیگر ممالک کو برآمد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ دور میں پاور گرڈز کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ ونڈ فارمز اور سولر پلانٹس جیسے ذرائع سے حاصل ہونے والی توانائی فطری طور پر غیر مستحکم ہوتی ہے، جس سے روایتی گرڈ سسٹمز میں خرابیوں کی نشاندہی اور بحالی مشکل ہو جاتی ہے۔ انہی مسائل کے حل کے لیے چین میں اس جدید نظام پر کام کیا گیا۔
یاد رہے کہ 2022 میں چین نے ایک آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی سسٹم بھی متعارف کرایا تھا جو بجلی کی سپلائی تین سیکنڈ میں بحال کر سکتا تھا، تاہم نیا نظام اس سے کہیں زیادہ تیز رفتار ثابت ہوا ہے۔
واضح رہے کہ چین کا پاور گرڈ سسٹم دنیا کا سب سے بڑا نظام ہے، جو امریکا کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے، اور نئی اسمارٹ ٹیکنالوجی کے بعد اسے مزید محفوظ اور مستحکم بنانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔