یوٹیوب نے بچوں اور نوجوانوں کے لیے آن لائن مواد کو زیادہ محفوظ اور عمر کے مطابق بنانے کے مقصد سے متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کے ذریعے والدین یہ طے کر سکیں گے کہ کم عمر صارفین کس قسم کا مواد اور کتنی دیر تک دیکھ سکتے ہیں۔
ان نئے فیچرز میں سب سے نمایاں اسکرین لمٹس کا آپشن ہے، جو والدین کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس میں استعمال کر سکیں گے۔ اس فیچر کے تحت والدین کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ بچوں کے لیے یوٹیوب شارٹس دیکھنے کا دورانیہ خود مقرر کریں۔ ابتدائی طور پر والدین شارٹس اسکرولنگ کے لیے 60 منٹ تک کی حد مقرر کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق جلد ہی والدین کو یہ سہولت بھی دی جائے گی کہ وہ اپنی ترجیح کے مطابق اس حد کو مستقل طور پر صفر پر بھی سیٹ کر سکیں، تاکہ بچے بالکل شارٹس نہ دیکھ سکیں۔ اس کے علاوہ والدین سونے کے وقت (Bedtime) اور بریک ریمائنڈرز جیسے فیچرز بھی فعال کر سکیں گے، جو بچوں کو مقررہ وقت پر ویڈیوز دیکھنے سے روکنے میں مدد دیں گے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد کم عمر صارفین کو مختصر ویڈیوز کے زیادہ استعمال سے دور رکھنا اور ان کی صحت، توجہ اور نیند کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ انڈسٹری کا پہلا ایسا فیچر سیٹ ہے جس میں والدین کو بچوں کے مختصر ویڈیوز دیکھنے پر مستقل اور مؤثر کنٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔
یوٹیوب نے ایک اور نیا فیچر آسان اکاؤنٹ سوئچنگ کے نام سے متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ چونکہ اکثر گھروں میں موبائل فونز اور ٹیبلیٹس مشترکہ طور پر استعمال کیے جاتے ہیں، اس لیے اکاؤنٹس کے درمیان سوئچ کرنے کے عمل کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں والدین کے لیے ایک نیا سائن اپ فیچر متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے وہ اپنے بچوں کے لیے آسانی سے اکاؤنٹس بنا سکیں گے۔ موبائل ایپ میں چند کلکس کے ذریعے مختلف اکاؤنٹس کے درمیان سوئچنگ ممکن ہوگی، جبکہ یہ نظام اس بات کو بھی یقینی بنائے گا کہ گھر کے ہر فرد کے لیے عمر کے مطابق مواد کی ترتیبات اور ویڈیو سفارشات فعال ہوں۔
اس کے ساتھ ساتھ یوٹیوب نے نوجوانوں کے لیے معیاری مواد کو فروغ دینے کے لیے نئے اصول اور ایک جامع گائیڈ متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ رہنما اصول کری ایٹرز کو اس بات میں مدد فراہم کریں گے کہ وہ نوجوانوں کے لیے دلچسپ، عمر کے مطابق اور اعلیٰ معیار کا مواد تیار کر سکیں۔
یوٹیوب کے مطابق یہ رہنما اصول عالمی ماہرین کے تعاون سے تیار کیے گئے ہیں، جن میں امریکن سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن اور بوسٹن چلڈرن ہسپتال کی ڈیجیٹل ویلنس لیب شامل ہیں۔ ان اصولوں کا مقصد یوٹیوب کے نظام کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ تعلیمی اور متاثر کن ویڈیوز کو ترجیح دے، تاکہ نوجوان صارفین تفریح اور تعلیم کے درمیان ایک صحت مند توازن قائم رکھ سکیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات والدین، بچوں اور کری ایٹرز کے لیے یوٹیوب کو ایک زیادہ محفوظ، ذمہ دار اور مثبت پلیٹ فارم بنانے کی جانب اہم قدم ہیں۔