مائیکرو سافٹ نے 40 سال بعد ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے ایک اہم فیچر کو ریٹائر کر دیا ہے۔
درحقیقت یہ وہ فیچر ہے جس سے صارفین کو سخت نفرت ہے اور وہ ہے بلیو اسکرین آف ڈیتھ۔
جی ہاں واقعی مائیکرو سافٹ نے بلیو اسکرین آف ڈیتھ کا استعمال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے مگر فکرمند مت ہوں اس کی جگہ بلیک اسکرین آف ڈیتھ کو دی جار ہی ہے، مگر اس میں اداس ایموجی فیس نظر نہیں آئے گا۔
اس بلیو اسکرین آف ڈیتھ کا استعمال 1985 سے ونڈوز کے پہلے ورژن سے کیا جا رہا ہے۔
اس کا نام اس کے نیلے رنگ پر رکھا گیا اور یہ اسکرین اس وقت نظر آتی ہے جب کمپیوٹر کسی وجہ سے کریش کر جاتا ہے۔
بلیو اسکرین میں استعمال کیا جانے والا ٹیکسٹ مختلف ہوسکتا ہے مگر ایک اداس چہرہ ضرور نظر آتا ہے۔
اب کمپنی کا کہنا ہے کہ بلیو اسکرین آف ڈیتھ کو ریٹائر کرکے بلیک اسکرین آف ڈیتھ کو استعمال کیا جائے گا جو کہ غیر متوقع ری اسٹارٹ کے یوزر انٹرفیس کو سادہ بنائے گا۔

اس کا استعمال آنے والے ہفتوں میں ونڈوز 11 ورژن 24H2 ڈیوائسز سے شروع ہوگا۔
بلیک اسکرین آف ڈیتھ میں اسٹاپ کوڈ اور فالٹی سسٹم ڈرائیو کو شو کیا جائے گا تاکہ کمپیوٹر ماہرین زیادہ تیزی سے مسئلے کے بارے میں جان کر اسے ٹھیک کرسکیں۔
کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ نئی بلیک اسکرین آف ڈیتھ کا مقصد مشین ریکوری کا عمل تیز بنانا ہے۔