پاکستان نے ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
تھائی لینڈ میں جاری ایونٹ میں پاکستان نے ابتدائی گروپ اسٹیج کے مسلسل 3 میچز جیتنے کے بعد کراس اوور راؤنڈ میں جگہ بنائی جہاں پہلے میچ میں اس کا مقابلہ انڈونیشیا سے ہوا جس میں پاکستان کی جیت کا اسکور 25۔ 23، 25 ۔20 اور 25 ۔ 20 رہا ۔
پاکستان نے پہلے سیٹ میں 3۔12 کے خسارے سے نکل کر شاندار کم بیک کیا اور پھر حریف کو گیم میں واپسی کا موقع نہیں دیا۔
مجموعی طور پر میچ میں پاکستان نے اٹیک اور بلاک پوائنٹس میں سبقت حاصل رکھی جب کہ سروس پوائنٹس میں انڈونیشیا آگے رہا۔
پاکستان نے انڈونیشیا کے 34 کے مقابلے میں 37 اٹیک پوائنٹس اور 14 بلاک پوائنٹس حاصل کیے جب کہ انڈونیشیا صرف 3 بلاک پوائنٹس حاصل کرسکا ۔
پاکستان کے جانب سے محمد جنید، فیضان اللہ، ساران بیگ اور طلحٰہ مہر نے نمایاں کھیل پیش کیا، جنید نے 10 اٹیک پوائنٹس سمیت 15 پوائنٹس بنائے اور فیضان نے 11 پوائنٹس حاصل کیے۔
کراس اوور راؤنڈ گروپ ایف سے اب تک ناقابل شکست پاکستان اور ایران سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں، کراس اوور راؤنڈ گروپ میں پاکستان کل ایران سے مقابلہ کرے گا اور سیمی فائنل میں پاکستان کے حریف کا فیصلہ پاکستان اور ایران کے میچ کے بعد ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے مسلسل 4 میچز بغیر کوئی سیٹ ڈراپ کیے جیتے ہیں جب کہ پاکستان نے سیمی فائنل تک رسائی کے ساتھ اگلے سال ہونیوالی انڈر 17 ورلڈ چیمپئن شپ کیلئے بھی کوالیفائی کرلیا۔