چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کےکھلاڑیوں کے لیے 10 لاکھ روپے فی کس انعام کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات میں قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے نشان امتیاز ملنے پر انہیں مبارک باد دی۔ عماد بٹ نے ہاکی کےکھیل کی بحالی اور پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے ایشوز سے آگاہ کیا۔
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے ہاکی کے کھلاڑیوں کی ویلفیئر اور ری ہیب کے ایشوز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
محسن نقوی نے ہاکی کھلاڑیوں کے لیے 10 لاکھ فی کس انعام کا اعلان کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہاکی کھلاڑیوں کے میڈیکل و فٹنس کیسزکو پی سی بی کی پیشہ ورانہ میڈیکل ٹیم ہینڈل کرےگی، ہاکی پلیئرز کے ویزا ایشوز کو بھی حل کرایا جائےگا، ہماری لاجسٹک ٹیم اس ضمن میں ہاکی پلیئرزکو سہولت دےگی۔
چیئرمین پی سی بی نے ہاکی کےکھیل کی بحالی کے لیے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کراتے ہو ئےکہا کہ پرو ہاکی لیگ کے لیے قومی ٹیم کا کوالیفائی کرنا اعزاز ہے، قومی ٹیم کی پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے حوالے سے اپنا پورا کردار کروں گا۔