بھارت کی جیت کے بعد پاکستان کا ایشیا کپ فائنل تک سفر آسان ہوگیا

دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 4 مرحلے میں بھارت نے بنگلادیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جس کے بعد دوسری ٹیم کے فائنل تک پہنچنے کا راستہ بالکل واضح ہوگیا ہے۔

بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے تھے۔ جواب میں بنگلادیشی ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس کامیابی کے ساتھ بھارت 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگیا اور فائنل کے لیے اپنی نشست پکی کرلی۔

سری لنکا کی رخصتی

بھارت کی فتح کے ساتھ ہی سپر 4 میں مسلسل دو میچز ہارنے والی سری لنکا کی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ بھارت اپنا سپر 4 مرحلے کا آخری میچ جمعہ کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا، تاہم اس میچ کا نتیجہ فائنل کی صورتحال پر اثرانداز نہیں ہوگا۔

پاکستان اور بنگلادیش کا فیصلہ کن میچ

اب صورتحال یہ ہے کہ سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم براہِ راست اتوار کو بھارت کے خلاف ایشیا کپ کا فائنل کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے پوائنٹس 2،2 ہیں اور یہ میچ فیصلہ کن ثابت ہوگا۔

شائقین کی امیدیں

پاکستانی شائقین کرکٹ پرامید ہیں کہ قومی ٹیم بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرے گی اور پھر بھارت کے خلاف فائنل میں اپنی پچھلی دو شکستوں کا حساب برابر کرے گی۔

Related posts

افغانستان نے تمام احسانات فراموش کرتے ہوئے جارحیت کی، افواجِ پاکستان نے بھرپور جواب دیا: شاہد آفریدی

مائیک ہیسن کی کپتانی پر مشاورت کی سفارش، محمد رضوان کی جگہ شاہین آفریدی مضبوط امیدوار قرار

ورلڈکپ 2027 کی تیاری: قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت سے محمد رضوان کو ہٹانے پر غور