ایشیا کپ فائنل: دبئی پولیس کی تیاریاں مکمل، شائقین کیلئے خصوصی ہدایات جاری

دبئی: پاکستان اور بھارت کے درمیان آج دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ایشیا کپ کے تاریخی فائنل سے قبل دبئی پولیس اور ایونٹس سکیورٹی کمیٹی (ESC) نے حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ شائقین کی سہولت اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایت نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

دبئی پولیس کی اپیل

انتظامیہ نے کرکٹ فینز پر زور دیا ہے کہ وہ کھیل کے دوران کھیلوں کے جذبے کا مظاہرہ کریں اور قوانین و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں تاکہ دبئی کی عالمی معیار کی میزبانی کا وقار برقرار رہے۔
پولیس نے واضح کیا کہ اسٹیڈیم میں کسی بھی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

فائنل کے ٹکٹ ہولڈرز کے لیے اہم ہدایات
• شائقین میچ شروع ہونے سے کم از کم 3 گھنٹے پہلے اسٹیڈیم پہنچیں۔
• ایک ٹکٹ پر صرف ایک بار انٹری ہوگی، دوبارہ داخلے کی اجازت نہیں۔
• اسٹیڈیم میں موجود رضاکاروں اور بورڈز پر درج ہدایات پر عمل کریں۔
• گاڑیاں صرف مخصوص پارکنگ ایریاز میں کھڑی کریں، سڑکوں پر پارکنگ سختی سے ممنوع ہوگی۔

ممنوعہ اشیاء کی فہرست

شائقین کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ درج ذیل اشیاء اسٹیڈیم میں نہ لائیں:
• آتش بازی، فلیئرز، لیزر پوائنٹرز اور آتش گیر مواد
• نوکیلی اشیاء، ہتھیار، زہریلے مادے اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز
• بڑی چھتریاں، ٹرائی پوڈز اور سیلفی اسٹکس
• غیر منظور شدہ (سیاسی یا اشتہاری) بینرز اور بورڈز
• پالتو جانور، سائیکلیں، اسکیٹ بورڈز، اسکوٹرز اور شیشے کی بنی اشیاء

دبئی پولیس کا پیغام

دبئی پولیس نے تمام شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں، عوامی سلامتی کو مقدم رکھیں اور میچ کا لطف پرسکون ماحول میں اٹھائیں تاکہ کھیل کی اصل روح برقرار رہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا یہ فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹورنامنٹ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلا پاک-بھارت فائنل ہوگا، جس کے لیے شائقین پرجوش اور اسٹیڈیم مکمل طور پر بک ہو چکا ہے۔

Related posts

افغانستان نے تمام احسانات فراموش کرتے ہوئے جارحیت کی، افواجِ پاکستان نے بھرپور جواب دیا: شاہد آفریدی

مائیک ہیسن کی کپتانی پر مشاورت کی سفارش، محمد رضوان کی جگہ شاہین آفریدی مضبوط امیدوار قرار

ورلڈکپ 2027 کی تیاری: قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت سے محمد رضوان کو ہٹانے پر غور