دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کا فائنل آج دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب روایتی حریف فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے، جس نے شائقین کرکٹ میں زبردست جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔
کھلاڑیوں کے لیے موسم بڑا امتحان
میچ کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو سخت موسمی حالات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ امارات کے نیشنل سینٹر آف میٹیورولوجی کے مطابق دبئی میں دن کے وقت درجہ حرارت 38 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ شام کو اگرچہ درجہ حرارت کچھ کم ہوگا لیکن نمی کی بلند سطح کھلاڑیوں کی برداشت کا سخت امتحان لے گی۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی، اس لیے میچ کے متاثر ہونے کا خدشہ نہیں۔
پچ رپورٹ: بولرز کے لیے سازگار حالات
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی پچ بولرز کو خاصی مدد دے گی۔ پورے ٹورنامنٹ میں اسپنرز درمیانی اوورز میں کامیاب ثابت ہوئے ہیں اور آج کے فائنل میں بھی وہ اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ابتدائی اوورز میں فاسٹ بولرز کو بھی نئی گیند سے باؤنس اور ہلکی موومنٹ ملنے کا امکان ہے، جو بیٹسمینوں کے لیے مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔
تاریخی موقع
یہ فائنل نہ صرف ٹرافی کے حصول کی جنگ ہے بلکہ ایک تاریخی موقع بھی ہے۔ 41 سال کے طویل انتظار کے بعد پاکستان اور بھارت پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔ شائقین کرکٹ اس میچ کو دونوں ٹیموں کی صلاحیتوں اور اعصاب کا سب سے بڑا امتحان قرار دے رہے ہیں۔