آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کے دوران پاکستان اور بنگلادیش کے میچ میں کمنٹری کے دوران پاکستانی سابق کپتان اور کمنٹیٹر ثنا میر کی جانب سے کھلاڑی تنالیہ پرویز کا تعارف بھارتی حلقوں کو ناگوار گزرا۔
ثنا میر نے میچ کے دوران کہا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی کھلاڑی تنالیہ پرویز کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔ اس بیان پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے واویلا شروع کر دیا اور ثنا میر کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا ڈالی۔
تاہم اب ثنا میر نے اپنے خلاف پروپیگنڈے پر ردعمل دیتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں ثنا میر نے کہا کہ افسوس ہے کہ اس معاملے پر عوامی سطح پر وضاحت دینا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور کمنٹیٹر یہ ہماری ذمہ داری ہوتی ہے کہ ہم بتائیں کھلاڑی کہاں سے تعلق رکھتے ہیں، یہی کھیلوں کی کہانی کا حصہ ہے۔
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ دیگر دو کھلاڑیوں کے ریجن کا بھی ذکر کیا گیا لیکن افسوسناک ہے کہ ایک جملے کو بڑھا چڑھا کر سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔
ثنا میر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں سے وابستہ افراد کو غیر ضروری دباؤ میں نہ ڈالا جائے۔
ان کے مطابق، پاکستانی کھلاڑی کے آبائی علاقے سے متعلق بات کرنے کا مقصد صرف ان کی مشکلات اور شاندار سفر کو اجاگر کرنا تھا، نہ کہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا۔