بی سی سی آئی کا مائیکل ایتھرٹن کی پاک-بھارت میچز ختم کرنے کی تجویز پر ردعمل

ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن کی اس تجویز پر ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز نہ کرانے کا مشورہ دیا تھا۔

گزشتہ دنوں مائیکل ایتھرٹن نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ تجویز ایشیا کپ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کو دیکھ کر دی ہے۔ ان کے مطابق آئی سی سی کو چاہیے کہ آئندہ عالمی مقابلوں میں پاک-بھارت میچز شیڈول نہ کرے کیونکہ دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات کھیل پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔

ایتھرٹن نے مزید کہا تھا کہ آئی سی سی ایونٹس میں پاک-بھارت مقابلے معاشی اور سفارتی وجوہات کی بنا پر رکھے جاتے ہیں، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ اس تاثر کو ختم کیا جائے۔

تاہم، بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس تجویز کو عملی طور پر ناممکن قرار دیا ہے۔
بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ:

“ایسے مشورے دینا آسان ہے، لیکن فیصلے لینا اتنا آسان نہیں کیونکہ اس میں کئی اسپانسرز اور براڈکاسٹرز شامل ہوتے ہیں۔ حتمی فیصلہ صرف اسی وقت ہو سکتا ہے جب وہ اس سے اتفاق کریں۔”

عہدیدار نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں اگر کوئی بڑی ٹیم کسی ایونٹ سے دستبردار ہو جائے تو اسپانسرز کو متوجہ کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے، اس لیے ایسے فیصلے جذباتی بنیادوں پر نہیں لیے جا سکتے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کی کشیدہ سیاسی صورتحال کے باعث باہمی سیریز نہیں کھیلی جا رہی، تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان میچز صرف آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے ایونٹس میں ہی ممکن ہو پاتے ہیں۔

Related posts

افغانستان نے تمام احسانات فراموش کرتے ہوئے جارحیت کی، افواجِ پاکستان نے بھرپور جواب دیا: شاہد آفریدی

مائیک ہیسن کی کپتانی پر مشاورت کی سفارش، محمد رضوان کی جگہ شاہین آفریدی مضبوط امیدوار قرار

ورلڈکپ 2027 کی تیاری: قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت سے محمد رضوان کو ہٹانے پر غور