بھارتی لیگ کی ڈالرز کی چمک، آسٹریلوی کرکٹرز کو 10 ملین ڈالرز سالانہ کی پیشکش

میلبرن: بھارتی کرکٹ لیگ کی جانب سے آسٹریلوی کرکٹرز کو خطیر مالی آفرز کے ذریعے اپنی لیگ میں شامل کرنے کی کوششیں سامنے آئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور نائب کپتان ٹریوس ہیڈ کو 10 ملین امریکی ڈالرز سالانہ کے عوض کل وقتی اوورسیز ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے کی پیشکش کی گئی تھی۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک فرنچائز گروپ نے رواں برس کے آغاز میں دونوں کرکٹرز سے رابطہ کیا۔ تاہم پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ نے بھارتی پیشکش ٹھکرا دی اور واضح کیا کہ وہ اپنے ملک کے ساتھ مکمل وابستگی رکھتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے ٹاپ کرکٹرز نیشنل کنٹریکٹ کے تحت سالانہ 1.5 ملین ڈالرز کماتے ہیں، جبکہ پیٹ کمنز بطور کپتان تقریباً 3 ملین ڈالرز سالانہ حاصل کرتے ہیں۔

بگ بیش لیگ کی نجکاری کے اجلاس میں انکشاف

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق بھارتی پیشکش کا انکشاف بگ بیش لیگ (BBL) کو پرائیویٹائز کرنے کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کرکٹ آسٹریلیا کو درپیش مالی مشکلات کے باعث کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگوں کی پرکشش آفرز مزید متاثر کر سکتی ہیں۔

رپورٹس میں کہا گیا کہ یہ آفرز اس بات کی واضح مثال ہیں کہ کرکٹ آسٹریلیا کو اپنی مالی پوزیشن مضبوط کرنے کی فوری ضرورت ہے تاکہ ملکی کرکٹرز کو بیرونی دباؤ سے محفوظ رکھا جا سکے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 2023 میں انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو بھی بھارتی لیگ کی ایک ٹیم کی جانب سے 7.5 ملین ڈالرز سالانہ کا معاہدہ پیش کیا گیا تھا، جسے انہوں نے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

Related posts

افغانستان نے تمام احسانات فراموش کرتے ہوئے جارحیت کی، افواجِ پاکستان نے بھرپور جواب دیا: شاہد آفریدی

مائیک ہیسن کی کپتانی پر مشاورت کی سفارش، محمد رضوان کی جگہ شاہین آفریدی مضبوط امیدوار قرار

ورلڈکپ 2027 کی تیاری: قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت سے محمد رضوان کو ہٹانے پر غور