لاہور: افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان میں شیڈول سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے دستبرداری کے بعد زمبابوے کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت قبول کرلی ہے۔
پی سی بی کے مطابق تین ملکی سیریز اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ ابتدائی طور پر اس سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شامل تھیں، تاہم افغانستان کے انکار کے بعد پی سی بی نے زمبابوے سے رابطہ کیا، جس نے شرکت پر رضامندی ظاہر کردی۔
سیریز کا افتتاحی میچ 17 نومبر کو راولپنڈی میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا، جب کہ زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں 19 نومبر کو مدمقابل ہوں گی۔
پی سی بی حکام کے مطابق سہ ملکی سیریز کا مقصد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل ٹیموں کو بھرپور تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے، اور شائقین کرکٹ کو ایک دلچسپ مقابلوں سے بھرپور ایونٹ دیکھنے کو ملے گا۔