راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی بہترین گیندباز ہیں اور حتمی پلیئنگ الیون کا فیصلہ کل پچ دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ سیریز سے قبل ایک خصوصی کیمپ لگایا گیا تھا، جس کا مقصد اسپن وکٹوں پر بیٹرز کی کارکردگی بہتر بنانا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے کیمپ میں اچھی کارکردگی دکھائی، جو ٹیم کے لیے مثبت اشارہ ہے۔
“ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے کا ہدف مقرر ہے”
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ
“ہم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے چھ میچز پاکستان میں کھیلنے ہیں، اور اس کے لیے مکمل پلاننگ کر لی ہے۔ ہمارا ہدف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنا ہے۔”
اظہر محمود نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے، اور ٹیم ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
“میرا فوکس صرف کل کے میچ پر ہے”
ایک سوال کے جواب میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں نہیں سوچ رہے، اس وقت ان کی ساری توجہ کل کے میچ پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا ہمیشہ فائدہ ہوتا ہے، اور ٹیم کا مقصد یہی ہے کہ اپنی کنڈیشنز سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جائے۔
اظہر محمود کا کہنا تھا کہ ٹیم کی پلاننگ کا محور یہی ہے کہ
“ہم 20 وکٹیں کیسے حاصل کر سکتے ہیں — اس حساب سے حکمت عملی بنائی گئی ہے۔”