محمد عامر کا شاہین آفریدی کو کپتان بنانے کے فیصلے پر ردعمل: “رضوان کے ساتھ مناسب سلوک نہیں ہوا”

کراچی: قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے محمد رضوان کو کپتانی سے ہٹانے اور شاہین شاہ آفریدی کو نیا کپتان مقرر کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ درست وقت پر نہیں کیا گیا اور رضوان کے ساتھ انصاف نہیں ہوا۔

محمد عامر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ محمد رضوان کے ساتھ مناسب سلوک کیا گیا۔
انہوں نے کہا، “رضوان کی قیادت میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں سیریز جیتیں، جو ہمارے بڑے کپتان بھی حاصل نہیں کر سکے۔ ہمیں یہ کارکردگی نہیں بھولنی چاہیے تھی۔”

سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کپتانی کا انحصار کسی ایک سیریز پر نہیں ہونا چاہیے۔
“کپتان راتوں رات نہیں بنتے، لیکن یہاں ایک خراب سیریز ہی کافی ہے کسی کپتان کی جگہ لینے کے لیے۔”

انہوں نے رضوان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ذہین کپتان ہیں اور ان میں ٹیم کو سنبھالنے کی صلاحیت موجود ہے۔

محمد عامر نے مزید مشورہ دیا کہ اگر شاہین شاہ آفریدی کو قیادت سونپنی ہی تھی تو پہلے انہیں نائب کپتان بنایا جانا چاہیے تھا تاکہ وہ اس کردار میں تجربہ حاصل کر سکیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حال ہی میں محمد رضوان کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹا کر شاہین آفریدی کو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے کپتان مقرر کیا ہے۔

Related posts

بھارت کو ایشیا کپ ٹرافی نومبر کے پہلے ہفتے میں دیے جانے کا امکان

شاہین آفریدی نے 38 سالہ آصف آفریدی کو ٹیسٹ کیپ پہنائی، دنیا کے عمر رسیدہ ڈیبیو بولرز میں شامل

شاہین شاہ آفریدی پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان مقرر