دوبئی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو آگاہ کیا ہے کہ ایشیا کپ ٹرافی نومبر کے پہلے ہفتے میں بھارتی ٹیم کو دی جائے گی۔ ٹرافی دینے کی تقریب 10 نومبر کو متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اے سی سی نے بی سی سی آئی کے خط کا باضابطہ جواب دے دیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ ٹرافی کے معاملے پر اے سی سی کے صدر کو خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے ٹرافی حوالگی کے طریقہ کار پر وضاحت طلب کی تھی۔
جوابی خط میں ایشین کرکٹ کونسل نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرافی بھارتی ٹیم کو دینے سے کبھی انکار نہیں کیا گیا تھا اور اے سی سی آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہے کہ بھارتی ٹیم یا نمائندے اے سی سی کے دفتر آکر ٹرافی وصول کریں۔
ذرائع کے مطابق اے سی سی نے بھارتی بورڈ کو 10 نومبر کو کولمبو میں ہونے والی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل کے موقع پر اے سی سی کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ زیرِ بحث آ گیا تھا۔