راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 404 رنز بنا کر آؤٹ ہو کر 71 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے دن جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز 185 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا، جب ٹرائسٹن اسٹبس 68 اور کائل ویرنی 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
کھیل کے آغاز میں ہی کائل ویرنی بغیر کسی اضافہ کے آصف آفریدی کا شکار بنے، اس کے بعد آصف آفریدی نے اپنی گھومتی ہوئی گیند پر ٹرائسٹن اسٹبس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
سیمن ہارمر بھی محض 2 رنز بنا کر آصف آفریدی کی اسپن سمجھنے میں ناکام رہے اور ایل بی ڈبلیو ہو گئے، جب کہ نعمان علی نے مارکو جانسن کو 12 رنز پر پویلین بھیج دیا۔
ابتدائی 7 وکٹیں 210 کے مجموعی اسکور پر گرنے کے بعد متوسوامی اور کیشو مہاراج نے شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم کیا اور اسکور کو 400 کے پار پہنچایا۔
ڈیبیو کرنے والے اسپنر آصف آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ نعمان علی نے 2، شاہین شاہ آفریدی اور ساجد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم اس سے قبل اپنی پہلی اننگز میں 333 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود 87، سعود شکیل 66، عبداللّٰہ شفیق 57 اور سلمان علی آغا 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔