ملتان سلطانز کا پی سی بی کے قانونی نوٹس پر جواب — “تعمیری تنقید کو جرم سمجھنا افسوسناک ہے”

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ملنے والے قانونی نوٹس کا باضابطہ جواب دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے چند روز قبل معاہدے کی خلاف ورزی اور پی ایس ایل کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ملتان سلطانز کو نوٹس جاری کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، یہ نوٹس فرنچائز کے 10 سالہ معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی پر جاری کیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ فرنچائز کے مالک علی ترین نے پی ایس ایل سیزن 10 سے قبل مختلف سوشل میڈیا انٹرویوز اور پوڈکاسٹس میں لیگ سے متعلق بیانات دیے، جنہیں پی سی بی نے لیگ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف قرار دیا۔

پی سی بی کے نوٹس میں علی ترین سے اپنے بیانات واپس لینے، پی ایس ایل انتظامیہ سے عوامی معافی مانگنے، اور خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں فرنچائز کے معاہدے کی منسوخی اور بلیک لسٹ کرنے کی وارننگ دی گئی تھی۔

تاہم، ملتان سلطانز نے اب پی سی بی کے نوٹس کا تحریری جواب جمع کرادیا ہے اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک وضاحتی بیان بھی جاری کیا ہے۔

فرنچائز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ:

“علی ترین نے جو بھی بیانات دیے، وہ پی ایس ایل کے بہترین مفاد میں تھے۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستانی کرکٹ اور نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے کام کیا ہے، جس میں اکیڈمیز کا قیام اور ڈویلپمنٹ پروگرام شامل ہیں۔”

مزید کہا گیا کہ:

“علی ترین نے ملتان سلطانز میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے اور ذاتی طور پر تقریباً 7 ارب روپے کا نقصان برداشت کیا ہے۔ ایسے شخص کی نیت پر شک کرنا افسوسناک ہے۔”

ملتان سلطانز کے مطابق،

“تعمیری تنقید کو جرم سمجھنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ یہ طرزِ عمل پی ایس ایل انتظامیہ کی کمزوری اور جوابدہی سے گریز کو ظاہر کرتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ انتظامیہ سوالات سننے کے لیے تیار نہیں۔”

فرنچائز نے امید ظاہر کی ہے کہ پی سی بی اس معاملے کو تنازع کے بجائے بات چیت کے ذریعے حل کرے گا تاکہ پاکستان سپر لیگ کی ترقی کا عمل متاثر نہ ہو۔

Related posts

قومی کرکٹر صہیب مقصود کے ساتھ بڑا مالی فراڈ، وزیراعلیٰ پنجاب سے مدد کی اپیل

راولپنڈی ٹیسٹ: جنوبی افریقا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر

ویرات کوہلی کا ناپسندیدہ ریکارڈ — مسلسل دو ون ڈے میچز میں صفر پر آؤٹ