راولپنڈی : جنوبی افریقا نے راولپنڈی ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
چوتھے روز کے آغاز پر ہی قومی ٹیم مشکلات کا شکار نظر آئی۔ کھیل کے آغاز میں کپتان بابراعظم 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد وکٹوں کی جھڑی لگ گئی۔
محمد رضوان 18، سلمان علی آغا 28، ساجد خان 13، نعمان علی اور شاہین آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے، جب کہ آصف آفریدی صفر رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 137 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور جنوبی افریقا کو 68 رنز کا ہدف دیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے سیمن ہارمر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ کیشو مہاراج نے 2 اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
جواب میں جنوبی افریقا نے ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔
مہمان ٹیم کی جانب سے ایڈم مرکرم نے 42 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ریان ریکلٹن 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ ٹرسٹن اسٹبز صفر پر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج کو مین آف دی میچ اور موتو سامی کو پلئیر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 333 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں جنوبی افریقا نے 404 رنز اسکور کیے تھے۔