سڈنی: بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نے ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ آسٹریلیا کے خلاف سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں تیسرے اور آخری ون ڈے میچ کے دوران کوہلی نے سابق سری لنکن بیٹر کمار سنگاکارا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
کوہلی نے شاندار میچ وننگ اننگ کھیلتے ہوئے 81 گیندوں پر 74 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ اس اننگ کے ساتھ ہی ان کے ون ڈے کیریئر کے رنز کی تعداد 14,255 ہوگئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ویرات کوہلی اب تک 305 ون ڈے میچز میں 57.71 کی شاندار اوسط سے رنز بنا چکے ہیں، جن میں 75 نصف سنچریاں اور 51 سنچریاں شامل ہیں۔
دوسری جانب، سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا اب تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر میں 404 میچز کھیل کر 14,234 رنز بنائے تھے، جن میں 93 نصف سنچریاں اور 25 سنچریاں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اب بھی بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے۔ سچن نے 463 میچز میں 44.83 کی اوسط سے 18,426 رنز بنائے، جن میں 96 نصف سنچریاں اور 49 سنچریاں شامل ہیں۔