میلبرن: آسٹریلیا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 17 سالہ نوجوان کرکٹر بین آسٹن پریکٹس سیشن کے دوران گردن پر گیند لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔
آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ میلبرن ایسٹ میں ہفتے کے آغاز پر پیش آیا جب بین آسٹن ٹریننگ کے دوران بال تھروئنگ ڈیوائس سے پھینکی گئی گیند کے وار سے زخمی ہوگئے۔
حادثے کے فوری بعد بین آسٹن کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے مگر اسٹم گارڈ نہیں تھا: کرکٹ وکٹوریہ
کرکٹ وکٹوریہ نے تصدیق کی کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گیند بین آسٹن کی گردن پر لگی۔
ادارے کے مطابق نوجوان کھلاڑی نے ہیلمٹ تو پہنا ہوا تھا لیکن اسٹم گارڈ نہیں لگایا ہوا تھا۔
ہیڈ آف کرکٹ وکٹوریہ نک کمنز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ حادثہ بالکل ویسا ہی تھا جیسا گیارہ سال قبل آسٹریلوی کرکٹر فلپ ہیوز کے ساتھ پیش آیا تھا۔”
کرکٹ آسٹریلیا اور فیملی کا اظہارِ افسوس
کرکٹ آسٹریلیا، کلب انتظامیہ اور بین آسٹن کے اہلِ خانہ نے نوجوان کھلاڑی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انتظامیہ نے کہا کہ یہ سانحہ پورے آسٹریلوی کرکٹ خاندان کے لیے بڑا صدمہ ہے، اور مرحوم کی یاد میں تمام میچز سے قبل خاموشی اختیار کی جائے گی۔