نئی دہلی: ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چائے کا وقفہ دوپہر کے کھانے سے پہلے کیا جائے گا۔ یہ غیر معمولی اور تاریخی فیصلہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان 22 نومبر کو گوہاٹی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ مشرقی بھارتی خطے میں سورج کے جلد طلوع اور جلد غروب ہونے کے باعث کیا گیا ہے تاکہ میچ کے تمام 90 اوورز قدرتی روشنی میں مکمل کیے جا سکیں۔
گوہاٹی بھارت کے ان شہروں میں شامل ہے جہاں سورج دیگر علاقوں کے مقابلے میں خاصا پہلے غروب ہوتا ہے، اسی لیے بھارتی اور جنوبی افریقی کرکٹ بورڈز نے باہمی رضامندی سے سیشن ٹائمنگ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا۔
نیا میچ شیڈول
نئے شیڈول کے مطابق گوہاٹی ٹیسٹ میچ کا آغاز صبح 9 بجے ہوگا، جو معمول کے وقت سے 30 منٹ پہلے ہے۔
• پہلا سیشن: صبح 9:00 سے 11:00 بجے تک
• چائے کا وقفہ: 11:00 سے 11:20 بجے تک
• دوسرا سیشن: 11:20 سے 1:20 بجے تک
• کھانے کا وقفہ: 1:20 سے 2:00 بجے تک
• تیسرا سیشن: 2:00 سے 4:00 بجے تک
یوں کھیل کا اختتام غروبِ آفتاب سے پہلے ہو جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ ٹیسٹ کرکٹ کی روایت میں ایک تاریخی تبدیلی ہے، کیونکہ اب تک ہر ٹیسٹ میچ میں پہلے لنچ اور پھر ٹی بریک رکھا جاتا تھا۔
کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو مستقبل میں دن کی روشنی اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر ممالک میں بھی وقفوں کی ترتیب میں نرمی لائی جا سکتی ہے۔