ریاض: سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سعودی عرب کے مبینہ “اسکائی اسٹیڈیم” کی ویڈیو جعلی نکلی۔ بین الاقوامی خبر ایجنسیوں کے مطابق، یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کی گئی تھی اور اس کا سعودی حکومت یا کسی سرکاری منصوبے سے کوئی تعلق نہیں۔
وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا شاندار فٹبال اسٹیڈیم — جسے صارفین نے 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کے لیے سعودی عرب کے منصوبے کا حصہ سمجھا — دراصل ایک اے آئی تصوراتی ماڈل ہے۔
ویڈیو بنانے والے تخلیق کار نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں وضاحت کی کہ:
“یہ صرف ایک اے آئی تصور (AI concept) تھا۔ میں نے اسے اپنی تخلیقی مشق کے طور پر بنایا تھا، اس کا سعودی عرب کے کسی حقیقی منصوبے سے کوئی تعلق نہیں۔”
اس ویڈیو کو دنیا بھر میں 5 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے اور لاکھوں صارفین نے اسے سعودی عرب کے مجوزہ “میگا پروجیکٹ” سمجھ کر شیئر کیا۔
ماہرین کے مطابق، یہ واقعہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنائے گئے جعلی مناظر کے بڑھتے ہوئے رجحان کی ایک اور مثال ہے، جو ڈیجیٹل غلط معلومات (misinformation) کے نئے خدشات کو جنم دے رہا ہے۔