جوہانسبرگ: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقی لیگ اسپنر نقبایومزی پیٹر نے تاریخ رقم کردی۔ 23 سالہ پیٹر نے میچ کے دوران اپنی ہی گیند پر تین کیچ پکڑ کر ون ڈے کرکٹ میں ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
پیٹر نے میچ میں 8 اوورز کرائے اور 55 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے حسین طلعت، محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی کی وکٹیں حاصل کیں اور تینوں مواقع پر بال کلین اینڈ بولڈ اسٹائل میں کیچ خود ہی مکمل کیا۔
اس طرح وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک میچ میں اپنی ہی گیند پر تین کیچ کرنے والے بولر بن گئے۔
میچ میں پاکستان کی جانب سے مجموعی طور پر چار کھلاڑی کیچ اینڈ بولڈ ہوئے۔ خراب آغاز کے باوجود صائم ایوب، سلمان علی آغا اور محمد نواز کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے 50 اوورز میں 270 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ناندرے برگر نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔