نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور سینئر بیٹرز ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان تعلقات میں شدید سردمہری پیدا ہو چکی ہے، جس کے باعث ٹیم کا ڈریسنگ روم ماحول دباؤ کا شکار ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں دونوں سینئر کھلاڑیوں کی واپسی کے باوجود ٹیم میں وہ ہم آہنگی نظر نہیں آئی جو ٹیسٹ سیریز کے دوران موجود تھی۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گمبھیر اور دونوں سینئر بیٹرز کے درمیان اعتماد اور بات چیت میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔
ٹیسٹ ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد تعلقات مزید کشیدہ
رپورٹس کے مطابق کوہلی اور روہت شرما کی جانب سے اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نے معاملات مزید پیچیدہ کر دیے ہیں۔ اسی فیصلے کے بعد کوچ اور سینئر کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے۔
آسٹریلیا سیریز کے دوران بھی ماحول ناخوشگوار رہا، جہاں روہت شرما اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کے درمیان عملی طور پر کوئی رابطہ موجود نہ تھا۔ دوسری جانب ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر کے درمیان رابطے میں کمی نے بھی کشیدگی بڑھا دی ہے۔
بی سی سی آئی تشویش میں مبتلا
بھارتی میڈیا کے مطابق سینئر کھلاڑیوں اور ہیڈ کوچ کے درمیان تناؤ نے بی سی سی آئی حکام کو پریشان کر رکھا ہے۔ آن لائن پلیٹ فارمز پر گمبھیر کے خلاف بڑھتی ہوئی تنقید نے صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے جس پر بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران ناخوش ہیں۔
جنوبی افریقا کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز سے قبل ٹیم مینجمنٹ، کوچ اور سینئر کھلاڑیوں کے درمیان رابطوں کی کمی نے بھارتی ٹیم کے مستقبل پر سوال اٹھا دیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ اس وقت ایک نازک مرحلے سے گزر رہی ہے اور اگر ہیڈ کوچ اور سینئر بیٹرز کے درمیان ہم آہنگی بحال نہ ہوئی تو ٹیم کی کارکردگی اور مستقبل کی کامیابیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں.