بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سابق لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا اہم ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
بدھ کے روز رائے پور میں جنوبی افریقا کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں کوہلی نے 93 گیندوں پر 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ سیریز کے پہلے میچ میں بھی انہوں نے سنچری اسکور کی تھی۔ یہ سنچری کوہلی کی ون ڈے کرکٹ میں 53 ویں اور انٹرنیشنل کرکٹ میں 84 ویں سنچری تھی۔
اس تاریخی سنچری کے ساتھ ویرات کوہلی نے نمبر 3 پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے ایک ہی پوزیشن پر سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
کوہلی نے اس پوزیشن پر اپنی 46 ویں ون ڈے سنچری اسکور کرکے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے بطور اوپنر 45 ون ڈے سنچریاں بنائی تھیں۔
کپتان کوہلی نے رائے پور کی سنچری کے ساتھ ایک اور سنگ میل عبور کیا اور 34 مختلف گراؤنڈز پر سنچریاں اسکور کرنے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔ اس طرح انہوں نے سچن ٹنڈولکر کے سب سے زیادہ مختلف مقامات پر ون ڈے سنچریاں بنانے کے ریکارڈ کی برابری کرلی، جو 34 ہی تھا۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی پہلے ہی ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 49 سنچریاں بنانے کا سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ پچھلے سال توڑ چکے ہیں، اور اب وہ مسلسل نئے سنگ میل عبور کرتے ہوئے عالمی کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں.