لندن: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی عالمی سطح پر تشہیر اور نئی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے لندن کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز میں ایک بھرپور روڈ شو کا انعقاد کیا گیا۔
روڈ شو کا مقصد پی ایس ایل کے وژن، کمرشل ماڈل اور مستقبل کی حکمتِ عملی کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنا تھا تاکہ لیگ کو مزید مضبوط اور توسیع دی جا سکے۔
بابر اعظم، دیگر قومی کرکٹرز اور چیئرمین پی سی بی کی شرکت
ایونٹ میں پاکستان کے اسٹار بیٹسمین بابر اعظم سمیت متعدد قومی کرکٹرز نے شرکت کی، جبکہ
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
محسن نقوی نے شرکاء کو پی ایس ایل کی ترقی، اس کے معاشی اثرات اور مستقبل کے اہداف سے متعلق بریفنگ دی۔
پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت
پی سی بی کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں سے ایک ہے، جس کی عالمی سطح پر قدر و منزلت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
لارڈز میں ہونے والا یہ روڈ شو پی ایس ایل کی بین الاقوامی مارکیٹنگ کی بڑی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں مزید سرمایہ کاری اور شراکت داری کی راہیں کھلنے کی توقع ہے.