کوئٹہ: پاکستانی موٹر کار اسٹنٹ مین سلطان گولڈن نے دو عالمی ریکارڈ توڑ دیے

پاکستان کے معروف موٹر کار اسٹنٹ مین سلطان محمد گولڈن نے کوئٹہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی تقریب میں دو عالمی ریکارڈ توڑ ڈالے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے سلطان گولڈن نے تیز ترین ریورس ڈرائیو کا 2022 میں قائم عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ سلطان گولڈن نے ریورس ڈرائیونگ میں ایک میل کا فاصلہ صرف 57 سیکنڈز میں طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ایک امریکی اسٹنٹ مین کے پاس تھا، جس نے 2022 میں یہی فاصلہ ایک منٹ 15 سیکنڈز میں مکمل کیا تھا۔

دوسری جانب سلطان گولڈن نے ریورس ڈرائیو ریمپ جمپ میں بھی نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ ڈی ایچ اے کوئٹہ میں منعقدہ تقریب کے دوران انہوں نے طویل فاصلے کی ریورس ڈرائیو کے بعد ریمپ جمپ کامیابی سے مکمل کیا، جس پر شائقین نے انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

سلطان گولڈن نے ریورس ریمپ جمپ میں 121.72 فٹ کا شاندار جمپ لگا کر نیا عالمی ریکارڈ بنایا، جبکہ اس سے قبل اس کی حد 89 فٹ 3.25 انچ تھی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سلطان گولڈن کی غیر معمولی کامیابی کو سراہتے ہوئے دو نئے عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔

تقریب کے شرکاء نے سلطان گولڈن کی جرات، مہارت اور پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے پر انہیں زبردست داد دی، جبکہ ان کی اس کامیابی کو ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا گیا.

Related posts

کولکتہ: لیونل میسی کے مختصر قیام پر مداح مشتعل، اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ

بی بی ایل: سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کے لیے منفرد ‘056’ جرسی نمبر متعارف کرادیا

لارڈز میں پی ایس ایل کا شاندار روڈ شو، عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز