کولکتہ: لیونل میسی کے مختصر قیام پر مداح مشتعل، اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ

کولکتہ: عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی کے دورۂ بھارت کے دوران کولکتہ اسٹیڈیم میں انتہائی مختصر قیام پر مداح شدید مشتعل ہو گئے اور اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لیونل میسی کولکتہ کے اسٹیڈیم میں صرف 10 سے 20 منٹ تک موجود رہے، جس پر ہزاروں کی تعداد میں موجود مداحوں میں شدید مایوسی اور غصہ پایا گیا۔ مداحوں کا کہنا تھا کہ وہ میسی کو قریب سے دیکھنے کے لیے گھنٹوں انتظار کرتے رہے، تاہم انہیں اسٹیڈیم میں واضح طور پر کچھ نظر ہی نہیں آیا۔

مشتعل مداحوں نے اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔ شائقین کا شکوہ تھا کہ میسی کو سیاسی رہنماؤں اور وزرا نے گھیر رکھا تھا اور عام مداحوں کو اس تاریخی لمحے سے محروم رکھا گیا۔

مداحوں نے یہ بھی شکایت کی کہ لیونل میسی نے نہ تو فٹبال کی کوئی کِک لگائی، نہ کسی عملی سرگرمی میں حصہ لیا، اور نہ ہی شائقین سے بھرپور انداز میں ملاقات کی۔ ایک مداح کے مطابق، “یہ بدترین ایونٹ تھا، میسی صرف 10 منٹ کے لیے آئے اور چلے گئے۔”

واضح رہے کہ لیونل میسی کے دورۂ بھارت کو لے کر شائقین میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا تھا، تاہم کولکتہ اسٹیڈیم میں مختصر قیام نے اس ایونٹ کو تنازع کا شکار بنا دیا۔ انتظامیہ کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا.

Related posts

کوئٹہ: پاکستانی موٹر کار اسٹنٹ مین سلطان گولڈن نے دو عالمی ریکارڈ توڑ دیے

بی بی ایل: سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کے لیے منفرد ‘056’ جرسی نمبر متعارف کرادیا

لارڈز میں پی ایس ایل کا شاندار روڈ شو، عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز