نیویارک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کا شیڈول اعلان کر دیا ہے۔ پی ایس ایل 11 اگلے سال 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا۔
محسن نقوی نے یہ اعلان پی ایس ایل روڈ شو کے دوران کیا، جس میں موجودہ قومی کرکٹرز شان مسعود، سلمان علی آغا، صائم ایوب، سعود شکیل، فہیم اشرف اور ابرار احمد کے علاوہ لیجنڈز وسیم اکرم اور رمیز رضا نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ اس سال پی ایس ایل کے میچ فیصل آباد میں بھی کھیلے جائیں گے، جبکہ پی ایس ایل کا اگلا روڈ شو پاکستان میں 20 دسمبر کو منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے بعد کراچی اسٹیڈیم کا باقی حصہ گرا کر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا، اور کراچی اسٹیڈیم لاہور سے بھی بہتر ہوگا۔
اس کے علاوہ، پی سی بی نے پی ایس ایل 11 میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے نیلامی کی تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔ اب یہ نیلامی 22 دسمبر 2025 کو ہوگی۔ محسن نقوی نے ایکس پر کہا کہ پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت کے پیش نظر بڈنگ کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے.