فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان

فیفا: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔ فیفا کے اعلامیے کے مطابق 2026 کے فیفا ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 65 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، جو عالمی کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر انعام دیا جائے گا، جبکہ 2022 کے ورلڈ کپ میں فاتح ٹیم کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ملے تھے۔ رنر اپ ٹیم کے حصے میں 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر آئیں گے۔

فیفا کے مطابق تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر جبکہ چوتھے نمبر کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔ پانچویں سے آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو فی ٹیم ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر ملیں گے۔

اسی طرح نویں سے سولہویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو فی ٹیم ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ سترہویں سے بتیسویں پوزیشن پر آنے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ 33 سے 48 ویں پوزیشن پر آنے والی ہر ٹیم کو 90 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔

فیفا نے مزید اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو تیاریوں کے لیے اضافی 15 لاکھ ڈالر بھی فراہم کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 اگلے سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا، جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں شرکت کریں گی.

Related posts

کولکتہ واقعہ: سنیل گواسکر نے بدنظمی کا ذمہ دار لیونل میسی کو قرار دے دیا

شاہین آفریدی کا بی بی ایل ڈیبیو مایوس کن، امپائر نے بولنگ سے روک دیا

سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کے واقعے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے بی بی ایل کے کھلاڑیوں کے لیے قانون میں نرمی کی