ماؤنٹ ماؤنگانوئی: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپنرز ڈیون کانوے اور ٹام لیتھم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ میں سب سے بڑی اوپننگ شراکت داری قائم کر کے نیا ریکارڈ بنا دیا۔
نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ ماؤنٹ ماؤنگانوئی کے بے اوول گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔ میچ کے پہلے دن نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔
پہلے دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 334 رنز اسکور کر لیے۔ ڈیون کانوے 178 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کپتان ٹام لیتھم نے 137 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 323 رنز کی شراکت قائم کی، جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ ہے۔ اس کارنامے کے ساتھ انہوں نے بھارتی اوپنرز روہت شرما اور ماینک اگروال کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 2019 میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلی وکٹ کے لیے 317 رنز جوڑے تھے۔
کانوے اور لیتھم کی اس تاریخی شراکت نے نہ صرف نیوزی لینڈ کو میچ میں مضبوط پوزیشن دلائی بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ میں بھی ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا.