لاہور میں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی بدستور ڈیلی الاؤنسز کے منتظر ہیں، جس کے باعث متعدد کھلاڑی شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، قومی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے اپنے روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لیے ادھار لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
ڈیلی الاؤنس کے منتظر ایک کھلاڑی نے بتایا کہ انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ پرو ہاکی لیگ سے معاملات حل ہونے کے بعد ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔ فیڈریشن کا دعویٰ تھا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے فنڈز اتنے ہیں کہ ڈیلی الاؤنسز کی ادائیگی میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
کھلاڑی کا کہنا تھا کہ ہاکی مینجمنٹ کی جانب سے متعدد یقین دہانیوں کے باوجود ڈیلی الاؤنسز کی ادائیگیوں کا معاملہ جوں کا توں ہے۔ ان کے مطابق نومبر میں دورہ بنگلا دیش کے دوران کیمپ کی ڈومیسٹک ڈیلی الاؤنسز اور بنگلا دیش میں ہونے والے انٹرنیشنل ڈیلی الاؤنسز تاحال ادا نہیں کیے گئے۔
متاثرہ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ڈیلی الاؤنسز کی عدم ادائیگی کے باعث انہیں شدید مالی دباؤ اور مشکلات کا سامنا ہے۔