انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

فائنل میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بلے بازوں نے اس فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 113 گیندوں پر 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 172 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ وہ نہ صرف میچ بلکہ پورے ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز بنائے۔ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3 جبکہ کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

348 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے دیوندرن نے 36 اور سوریا ونشی نے 26 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 42 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صائم، عبدالسبحان اور حزیفہ احسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے اختتام پر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاکستانی کپتان کو ٹرافی پیش کی۔ سمیر منہاس کو میچ اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ جیتا ہے، جبکہ 2012 کے ایونٹ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر فاتح قرار پائے تھے۔

Related posts

انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے پر چیئرمین پی سی بی کا بڑا اعلان، ہر کھلاڑی کے لیے 50 لاکھ روپے انعام

بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا، سوریا کمار یادیو کپتان مقرر

لاہور: قومی ہاکی کھلاڑی تاحال ڈیلی الاؤنسز سے محروم، مالی مشکلات کا سامنا