انگلینڈ کی 15 سال بعد آسٹریلیا میں ٹیسٹ فتح، ایشز سیریز میں خسارہ کم

میلبرن: انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 15 برس بعد آسٹریلوی سرزمین پر ٹیسٹ میچ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے دوسرے ہی روز میزبان آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

میچ کے دوسرے دن آسٹریلوی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 132 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف ملا۔ انگلش ٹیم نے یہ ہدف 33ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں ٹریوس ہیڈ نے 46 جبکہ کپتان اسٹیو اسمتھ نے 24 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے برائیڈن کارز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، بین اسٹوکس نے 3 اور جوش ٹنگ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے جیکب بیتھل نے 40، زیک کرالی نے 37 اور بین ڈکٹ نے 34 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے جھائے رچرڈسن، اسکاٹ بولینڈ اور مچل اسٹارک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ فتح انگلینڈ کے لیے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ ٹیم 15 سال اور 19 ٹیسٹ میچوں کے بعد آسٹریلیا میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو اب بھی تین ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

واضح رہے کہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ جو پرتھ میں کھیلا گیا تھا، وہ بھی دوسرے ہی روز اختتام پذیر ہوا تھا، جس کے باعث کرکٹ آسٹریلیا کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Related posts

فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل تاریخ ساز ریکارڈ، ٹکٹس کے لیے 50 کروڑ سے زائد درخواستیں

برسبین اوپن: فائنل کے بعد یوکرینی ٹینس اسٹار مارتا کوستیوک اپنے ملک کی صورتحال پر جذباتی ہوگئیں

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس لاہور میں انتقال کرگئے