لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو نئی ٹیموں کی فروخت کے لیے موصول ہونے والی بولیوں کا تکنیکی جائزہ مکمل کر لیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق دو نئی فرنچائزز کے لیے دنیا بھر سے مجموعی طور پر 12 بولیاں موصول ہوئیں، تاہم جانچ پڑتال کے بعد بولی کمیٹی نے 10 بولیوں کو تکنیکی معیار پر پورا اترنے کے باعث اہل قرار دے دیا ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ تکنیکی جانچ میں کامیاب ہونے والی یہ 10 پارٹیاں اب نیلامی کے مرحلے میں شامل ہوں گی، جہاں مالی بولیوں کے ذریعے نئی فرنچائزز کے مالکان کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی 8 جنوری 2026 کو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔ نیلامی کا عمل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق کامیاب بولی دہندگان کو راولپنڈی، حیدر آباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے اپنی ٹیم کے لیے شہر کے نام کے انتخاب کا اختیار حاصل ہوگا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں نئی ٹیموں کی شمولیت سے لیگ کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے ساتھ ساتھ تجارتی امکانات میں بھی اضافہ متوقع ہے۔