لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز خواجہ محمد نافع کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ شاداب خان کی کندھے کی سرجری کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ دوسری جانب بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو اس سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو بھی ایک بار پھر زیرِ غور نہیں لایا گیا۔
اعلان کردہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا کے علاوہ عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نافع اور محمد نواز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان اور عثمان طارق بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم 4 اور 5 جنوری 2026 کو مرحلہ وار سری لنکا روانہ ہوگی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں کھیلے جائیں گے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ سیریز آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ممکنہ اسکواڈ کے انتخاب میں مددگار ثابت ہوگی۔
دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم مینجمنٹ کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ نوید اکرم چیمہ ٹیم منیجر ہوں گے، مائیک ہیسن وائٹ بال کے ہیڈ کوچ، ایشلے نوفکی بولنگ کوچ، محمد حنیف ملک بیٹنگ کوچ اور شین مکڈرموٹ فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اس کے علاوہ کلف ڈیکن فزیوتھراپسٹ، گرانٹ لوڈن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، طلحہٰ اعجاز ٹیم اینالسٹ جبکہ سید نعیم احمد ٹیم کے میڈیا منیجر ہوں گے۔