دبئی: پاکستانی اولمپک اسٹار اور جیولن تھرو کے نمایاں کھلاڑی ارشد ندیم کی عالمی سطح پر پہچان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حال ہی میں ارشد ندیم کی ملاقات ایم ایم اے کے عالمی لیجنڈ اور یو ایف سی لائٹ ویٹ چیمپئن حبیب نورمحمدوف سے دبئی میں ایک ایونٹ کے دوران ہوئی۔
ملاقات میں حبیب نورمحمدوف نے ارشد ندیم کے مستقبل کے ایونٹس اور کھیل میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں عالمی اسپورٹس شخصیات کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جس سے پاکستانی شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ارشد ندیم حالیہ برسوں میں پاکستان کے سب سے نمایاں اسپورٹس چہرے کے طور پر ابھرے ہیں اور عالمی اسپورٹس تقریبات میں دنیا کے نامور کھلاڑیوں کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے دبئی میں ہونے والے گلوبل اسپورٹس سمٹ کے دوران فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے بھی ملاقات کی تھی، جہاں فیفا صدر نے ان کی 92 میٹر کی تھرو پر دلچسپی ظاہر کی اور ان کی مزید کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ارشد ندیم کی یہ ملاقاتیں نہ صرف ان کی عالمی شناخت کو مزید مضبوط کر رہی ہیں بلکہ پاکستان کے کھیلوں کے میدان میں اہم مقام کو بھی اجاگر کر رہی ہیں۔