ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بنگلا دیش کی میچز منتقلی کی درخواست مسترد، بھارت نہ جانے پر پوائنٹس ضائع ہونے کا خدشہ

ڈھاکا / نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے سے متعلق بنگلا دیش کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تحت بھارت میں شیڈول میچز کسی غیر جانبدار وینیو پر منتقل کیے جائیں، تاہم آئی سی سی نے یہ درخواست قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی نے بنگلا دیش کو واضح طور پر ہدایت دی ہے کہ وہ میچز کھیلنے کے لیے بھارت جائے، بصورت دیگر ٹیم کو ورلڈ کپ پوائنٹس سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے یہ بھی کہا ہے کہ میچز کے وینیو میں تبدیلی فی الحال ایونٹ کے شیڈول اور انتظامات کے خلاف ہے۔

دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے بھارتی میڈیا کے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ بی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے کسی قسم کا الٹی میٹم نہیں دیا گیا اور نہ ہی پوائنٹس کٹوتی کی کوئی باضابطہ وارننگ موصول ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش نے بھارت میں کھلاڑیوں کو درپیش ممکنہ سکیورٹی خطرات کی بنیاد پر میچز منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ایک روز قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے بھی دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں بنگلا دیش کی ٹیم کسی صورت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی۔

کرکٹ حلقوں کے مطابق دونوں بورڈز کے درمیان کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز نے بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بھارتی ہندو انتہا پسند گروہوں کی جانب سے ملنے والی مبینہ دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا۔ اس اقدام پر بنگلا دیش میں شدید ردِعمل سامنے آیا۔

ذرائع کے مطابق اسی پس منظر میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے کے بعد آئی سی سی، بی سی سی آئی اور بی سی بی کے درمیان رابطے جاری ہیں تاہم تاحال کسی حتمی حل کا اعلان نہیں کیا گیا۔

کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ تنازع برقرار رہا تو اس کا اثر نہ صرف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بلکہ خطے کی کرکٹ سیاست پر بھی پڑ سکتا ہے۔

Related posts

فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل تاریخ ساز ریکارڈ، ٹکٹس کے لیے 50 کروڑ سے زائد درخواستیں

برسبین اوپن: فائنل کے بعد یوکرینی ٹینس اسٹار مارتا کوستیوک اپنے ملک کی صورتحال پر جذباتی ہوگئیں

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس لاہور میں انتقال کرگئے