پاکستان سپر لیگ میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت حیدرآباد اور سیالکوٹ پی ایس ایل کا حصہ بن گئے، نیلامی میں 3 ارب 60 کروڑ روپے کی فروخت

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں توسیع کے عمل کے تحت دو نئی ٹیمیں حیدرآباد اور سیالکوٹ شامل کر لی گئی ہیں، جس کے بعد پی ایس ایل میں ٹیموں کی مجموعی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔ نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے نیلامی کا عمل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

نیلامی کا عمل اور بولی

علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد نیلامی کے عمل میں 9 پارٹیاں شریک ہوئیں۔ پی ایس ایل کی 7ویں ٹیم ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے میں خریدی اور ٹیم کے لیے حیدرآباد شہر کا انتخاب کیا۔
حیدرآباد ٹیم کے مالک فواد سرور نے اس موقع پر کہا کہ وہ حیدرآباد میں پلا بڑھا ہے اور ان کی خواہش تھی کہ ٹیم خرید کر اپنے شہر کا نام روشن کریں۔

سیالکوٹ کی شاندار انٹری

پی ایس ایل کی 8ویں ٹیم کے لیے نیلامی میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم اوزی ڈیولپرز نے سب سے زیادہ 185 کروڑ روپے کی بولی دے کر ٹیم حاصل کر لی۔ اوزی ڈیولپرز نے ٹیم کے لیے سیالکوٹ شہر کو منتخب کیا، جو اسپورٹس انڈسٹری کے حوالے سے عالمی سطح پر پہچان رکھتا ہے۔

مالی اعتبار سے بڑا سنگ میل

پی ایس ایل کی 7ویں اور 8ویں ٹیم مجموعی طور پر 3 ارب 60 کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں، جو لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور تجارتی اہمیت کا واضح ثبوت ہے۔ دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے پی ایس ایل میں ایک نئی توانائی اور مسابقت پیدا ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کی مبارکباد

وزیراعظم پاکستان نے پی ایس ایل ٹیموں کی کامیاب نیلامی پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیموں کی شمولیت نے پی ایس ایل میں نئی روح پھونک دی ہے اور لیگ مزید مضبوط ہوگی۔

تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت

نیلامی کی تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت کرکٹ اور اسپورٹس سے وابستہ اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ اس موقع پر ہانگ کانگ سکسز اور اے ایف سی ایشیا کپ کی فاتح ٹیم پاکستان شاہینز کے علاوہ انفرادی کھلاڑیوں کو بھی انعامات دیے گئے۔

براہ راست نشریات اور آئندہ سیزن

واضح رہے کہ پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر نے اس نیلامی کی تقریب براہ راست نشر کی۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک کیا جائے گا، جس میں پہلی بار آٹھ ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

Related posts

فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل تاریخ ساز ریکارڈ، ٹکٹس کے لیے 50 کروڑ سے زائد درخواستیں

برسبین اوپن: فائنل کے بعد یوکرینی ٹینس اسٹار مارتا کوستیوک اپنے ملک کی صورتحال پر جذباتی ہوگئیں

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس لاہور میں انتقال کرگئے