کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ آج دمبولا میں کھیلا جائے گا۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو شکست دی تھی۔ بدھ کی شب کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی اسپنرز نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ شاداب خان نے 25 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد نے 25 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ “ہماری ٹیم نے گیند کے ساتھ شاندار آغاز کیا، اس پر میں بہت خوش ہوں۔” انہوں نے فیلڈنگ میں کچھ خامیوں کی نشاندہی بھی کی، تاہم مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی بہتر قرار دی۔
ہیسن نے مزید کہا کہ “ہمارے پاس اچھے اسپنرز موجود ہیں، شاداب خان اور محمد نواز آل راؤنڈر کی شکل میں ہمیں مختلف آپشنز ملتے ہیں۔ صائم ایوب نے ابھی بولنگ نہیں کی، ہم نے گزشتہ 6 ماہ ان بولرز کی کارکردگی میں بہتری پر کام کیا، اس لیے اب انتخاب کرنا قدرے دشوار ہے۔”
ہیڈ کوچ نے بیٹنگ یونٹ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بابر اعظم بیٹنگ گروپ میں توازن لاتے ہیں۔ “ہمارے پاس متعدد اسٹروک پلیئرز ہیں اور بابر سب کو جوڑ کر رکھنے کا کام انجام دیتے ہیں۔”
پاکستانی ٹیم آج کے میچ میں سری لنکا کے خلاف اپنی فتح کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش کرے گی، جبکہ کوچ اور کھلاڑی دونوں ہی اپنے پرفارمنس میں بہتری کے عزم کا اعادہ کر چکے ہیں۔