انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے بھارت نہ جانے کے فیصلے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیش کے میچز کی میزبانی میں باضابطہ دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق اگر سری لنکا میں مطلوبہ وینیوز دستیاب نہ ہوئے تو پاکستان اپنے اسٹیڈیمز آئی سی سی کے لیے پیش کرنے کو تیار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان حالیہ برسوں میں بڑے بین الاقوامی ایونٹس کی کامیاب میزبانی کر چکا ہے، جن میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور آئی سی سی ویمنز کوالیفائرز شامل ہیں، اس لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کا انعقاد بھی بخوبی ممکن ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے تمام بڑے کرکٹ وینیوز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات عالمی معیار کے مطابق فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ پی سی بی حکام کا مؤقف ہے کہ پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ وہ محفوظ اور منظم انداز میں بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کے لیے بھارت جانے سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ بنگلا دیشی بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارت میں ٹیم کی سکیورٹی سے متعلق خدشات موجود ہیں، جس کے باعث متبادل انتظامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
تاہم آئی سی سی کی جانب سے اب تک بنگلا دیش کے میچز کسی دوسرے ملک منتقل کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ کرکٹ حلقوں کے مطابق آنے والے دنوں میں آئی سی سی سکیورٹی رپورٹس اور میزبان ممالک کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی۔
بنگلا دیش کے میچز کی ممکنہ منتقلی کی صورت میں پاکستان کا نام ایک مضبوط متبادل کے طور پر سامنے آنا عالمی کرکٹ میں پاکستان کے اعتماد اور بحال ہوتی ہوئی ساکھ کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔