ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے حتمی اسکواڈ سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے انتخاب پر فیصلہ کن مشاورت رواں ہفتے کے دوران مکمل کر لی جائے گی، جس کے بعد اسکواڈ کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن دورۂ سری لنکا کے اختتام پر لاہور پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ سلیکشن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ تفصیلی مشاورت کریں گے۔ اس عمل میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا بھی شریک ہوں گے۔
قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سری لنکا کے خلاف سیریز کھیلنے کے بعد آج وطن واپس پہنچ رہا ہے، جس کے فوراً بعد ٹیم کی کارکردگی، کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کوچنگ اسٹاف اور سلیکٹرز کی مشاورت کے بعد حتمی سفارشات چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو پیش کی جائیں گی، جن کی منظوری کے بعد اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کے نام پہلے ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھجوائے جا چکے ہیں۔ تاہم پی سی بی کو 31 جنوری تک آئی سی سی کی اجازت کے بغیر اسکواڈ میں تبدیلی کا اختیار حاصل ہے، جس کے باعث چند ناموں میں رد و بدل کا امکان موجود ہے۔
قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑی
ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے زیر غور کھلاڑیوں میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، شاداب خان، بابر اعظم، فہیم اشرف، محمد نواز، عثمان خان اور ابرار احمد شامل ہیں۔
فاسٹ بولنگ ڈیپارٹمنٹ میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، سلمان مرزا اور خواجہ نافع کے ناموں پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ جبکہ عبدالصمد، محمد وسیم جونیئر اور عثمان طارق کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق حتمی اسکواڈ کے انتخاب میں کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی، فٹنس لیول اور ٹیم کمبی نیشن کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ورلڈکپ اور آسٹریلیا کے خلاف اہم سیریز میں مضبوط اور متوازن ٹیم میدان میں اتاری جا سکے۔