انڈر 19 ورلڈکپ کے ایک اہم میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 37 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی۔ ہرارے میں کھیلے گئے اس مقابلے میں پاکستانی ٹیم 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 47 ویں اوور میں 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدا میں درست ثابت ہوا۔ قومی انڈر 19 ٹیم کی شاندار بولنگ کے باعث انگلینڈ کے بیٹرز کھل کر کھیلنے میں ناکام رہے اور پوری انگلش ٹیم 47 ویں اوور میں 210 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے فیلکونر نمایاں رہے جنہوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 66 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کے بولرز میں احمد حسین نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا، عبدالسبحان اور مومن قمر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار نظر آئی۔ اوپنرز سمیر منہاس اور محمد شایان صرف 23 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ عثمان خان 6 اور احمد حسین 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے باعث پاکستان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مسلسل وکٹیں گرنے کے باوجود کپتان فرحان یوسف نے مزاحمت دکھائی اور 65 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، تاہم دوسرے اینڈ سے مناسب ساتھ نہ ملنے کے باعث وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔
انگلینڈ کے بولرز نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹرز پر دباؤ برقرار رکھا۔ ایلکس گرین، البرٹ اور جیمز منٹو نے دو، دو وکٹیں حاصل کر کے انگلینڈ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
یوں پاکستان انڈر 19 ٹیم مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اسے میچ میں 37 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ انگلینڈ نے متوازن کھیل کی بدولت قیمتی فتح اپنے نام کرلی۔