پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کی سفارش، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا زور

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی گورننگ کونسل کے اجلاس میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافے کی بھرپور وکالت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں محسن نقوی نے ٹیم مالکان کو مشورہ دیا کہ جیسے ٹیموں کی مارکیٹ ویلیو بڑھ رہی ہے، ویسے کھلاڑیوں کے معاوضے بھی مناسب انداز میں بڑھائے جائیں۔

چیئرمین پی سی بی نے اجلاس کے دوران کہا کہ کھلاڑیوں کو زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے پی ایس ایل 11 کے ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کی آکشن کی تجویز زیر غور لائی جائے، تاکہ ٹیمیں اپنی مرضی سے پلیئرز چن سکیں اور کھلاڑیوں کے لیے مواقع میں اضافہ ہو۔

ذرائع نے بتایا کہ محسن نقوی نے زور دیا کہ دو نئی ٹیموں کو کھلاڑی چننے کے یکساں مواقع دیے جائیں، تاکہ پرانی ٹیموں کی ری ٹینشن اور کھلاڑیوں کے تقسیم کے معاملات منصفانہ رہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے مزید تفصیلی بحث ہوگی۔

گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں 8 فرنچائز، پی سی بی اور پی ایس ایل حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئی ٹیموں کے مالکان کو خوش آمدید کہا گیا اور ان کی کامیاب نیلامی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور موجودہ فرنچائزز نے مبارکباد دی۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے اس موقع پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے کہا کہ لیگ کی کامیابی اور کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات پر توجہ دی جائے، تاکہ پی ایس ایل مزید منافع بخش اور کھلاڑی دوست لیگ بن سکے۔

Related posts

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: بنگلادیش نے آئی سی سی وفد میں شامل بھارتی اہلکار کو ویزا دینے سے انکار کر دیا

انڈر 19 ورلڈکپ: انگلینڈ نے پاکستان کو 37 رنز سے شکست دے دی، گرین شرٹس ہدف کے تعاقب میں ناکام

فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل تاریخ ساز ریکارڈ، ٹکٹس کے لیے 50 کروڑ سے زائد درخواستیں