ڈھاکا: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے وینیوز سے متعلق اہم مشاورت کے دوران بنگلادیش اور بھارت کے درمیان ایک نیا سفارتی اور انتظامی تنازع سامنے آ گیا ہے۔ بنگلادیش نے آئی سی سی کے اس وفد میں شامل بھارتی اہلکار کو ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے، جو ورلڈ کپ وینیوز کے جائزے کے لیے ڈھاکا کا دورہ کرنے والا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کا دو رکنی وفد بنگلادیش پہنچنے والا تھا، جس کا مقصد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے مجوزہ وینیوز پر بات چیت اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔ وفد میں آئی سی سی کے ہیڈ آف اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی اینڈریو ایپہگریو اور بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر ایگزیکٹو شامل تھے۔
رپورٹس کے مطابق بنگلادیشی حکام نے صرف اینڈریو ایپہگریو کو ویزا جاری کیا، جبکہ بھارتی اہلکار کو ویزا دینے سے انکار کر دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اینڈریو ایپہگریو آج دو روزہ دورے پر بنگلادیش پہنچیں گے اور وہ اکیلے ہی بنگلادیش کرکٹ بورڈ اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی وفد کے اس دورے کا بنیادی مقصد ورلڈ کپ کے ممکنہ وینیوز میں تبدیلی، سیکیورٹی انتظامات اور لاجسٹک معاملات پر تفصیلی مشاورت کرنا تھا۔ تاہم بھارتی اہلکار کو ویزا نہ ملنے کے باعث دورے کی افادیت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلادیش پہلے ہی سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کا اعلان کر چکا ہے۔ بنگلادیشی حکام کا مؤقف ہے کہ موجودہ حالات میں ٹیم اور آفیشلز کی سلامتی کو یقینی بنانا ممکن نہیں، جس کے باعث متبادل وینیوز پر غور ناگزیر ہو گیا ہے۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف ورلڈ کپ کے شیڈول اور وینیوز پر اثر انداز ہو سکتی ہے بلکہ آئی سی سی کے لیے بھی ایک نیا انتظامی چیلنج پیدا کر سکتی ہے، کیونکہ ایونٹ کے انعقاد کے لیے تمام شریک ممالک کا اعتماد اور تعاون ناگزیر ہوتا ہے۔