کراچی: پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں ایک ناقابلِ یقین لمحہ اُس وقت دیکھنے میں آیا جب پریزیڈنٹ ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں پی ٹی وی کی ٹیم نے محض 40 رنز کا دفاع کر کے 232 سال پرانا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
کراچی میں کھیلے گئے اس تاریخی مقابلے میں پی ٹی وی نے ایس این جی پی ایل کی مضبوط سمجھی جانے والی ٹیم کو صرف 37 رنز پر ڈھیر کر دیا اور یوں فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں کم ترین ہدف کا کامیاب دفاع کرنے والی ٹیم بن گئی۔
پی ٹی وی کی جانب سے دیا گیا 40 رنز کا ہدف بظاہر آسان دکھائی دے رہا تھا، تاہم شاندار بولنگ اور غیر معمولی دباؤ کے باعث ایس این جی پی ایل کی پوری ٹیم 37 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ حریف ٹیم کی جانب سے سیف اللہ بنگش 14 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ کپتان شان مسعود سمیت تین کھلاڑی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
پی ٹی وی کی اس تاریخی کامیابی میں بولرز نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ علی عثمان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد بٹ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے مخالف ٹیم کی کمر توڑ دی۔ دونوں بولرز کی نپی تلی لائن و لینتھ کے سامنے ایس این جی پی ایل کے بلے باز بے بس نظر آئے۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی پی ٹی وی نے فرسٹ کلاس کرکٹ کی 232 سالہ تاریخ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 1794 میں اولڈ فیلڈ کے پاس تھا، جس نے ایم سی سی کے خلاف 41 رنز کا دفاع کیا تھا۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق یہ مقابلہ نہ صرف پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ بلکہ عالمی فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ کے یادگار لمحات میں شامل ہو چکا ہے۔ کم ترین ہدف کا دفاع عموماً ناممکن سمجھا جاتا ہے، تاہم پی ٹی وی کے بولرز نے اس تصور کو غلط ثابت کر دیا۔
یہ تاریخی کامیابی پریزیڈنٹ ٹرافی کو یادگار بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ کی اہمیت اور معیار کو بھی اجاگر کرتی ہے۔