پی ایس ایل 11 میں بڑا انقلابی قدم، پلیئرز آکشن متعارف کرانے کا فیصلہ، ری ٹینشن فارمولہ بھی طے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے ایک اہم اور تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے پلیئرز آکشن سسٹم متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ پی ایس ایل گورننگ کونسل کی ورکنگ کمیٹی کے رات گئے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں لیگ کے مستقبل، ٹیموں کے توازن اور مسابقت بڑھانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں روایتی ڈرافٹ سسٹم کے بجائے آکشن ماڈل پر تفصیلی بحث ہوئی، جس کے بعد اکثریتی رائے سے پلیئرز آکشن کے حق میں فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے کو پی ایس ایل کو مزید کمرشل، شفاف اور عالمی معیار کے قریب لانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 کے لیے کھلاڑیوں کی ری ٹینشن پالیسی پر بھی اتفاق کر لیا گیا ہے۔ پانچ پرانی فرنچائزز نے چار ری ٹینشنز پر اتفاق کیا ہے، جن میں ایک کھلاڑی کو برانڈ ایمبیسڈر کا درجہ دیا جائے گا۔ ری ٹینشنز کی خاص بات یہ ہو گی کہ ہر کیٹیگری سے ایک ایک کھلاڑی کو برقرار رکھا جائے گا، جبکہ ایک کھلاڑی کو نچلی کیٹیگری میں لا کر برانڈ ایمبیسڈر مقرر کرنے کی اجازت بھی ہو گی۔

پلیئرز آکشن کے حق میں ووٹ دینے والی فرنچائزز میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز سرفہرست رہیں، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور حیدر آباد فرنچائز نے بھی آکشن سسٹم کی حمایت کی۔ ذرائع کے مطابق ان فرنچائزز کا مؤقف تھا کہ آکشن کے ذریعے ٹیموں کے درمیان مقابلہ مزید سخت اور شفاف ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نئی شامل ہونے والی دو فرنچائزز نے زیرو ری ٹینشن پر زور دیا، تاکہ انہیں مکمل طور پر آزاد پلیئر پول سے ٹیم بنانے کا موقع مل سکے۔ تاہم حتمی فارمولے میں نئی فرنچائزز کو باقی پلیئرز پول سے اسی طرز پر کھلاڑی منتخب کرنے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ بقیہ دستیاب کھلاڑیوں کا باقاعدہ آکشن منعقد کیا جائے گا، جہاں فرنچائزز بولی کے ذریعے کھلاڑی حاصل کریں گی۔

ورکنگ کمیٹی کے فیصلوں کی حتمی منظوری چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی دیں گے۔ ذرائع کے مطابق ضرورت پڑنے پر پی ایس ایل گورننگ کونسل کا باقاعدہ اجلاس بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آکشن اور ری ٹینشن سے متعلق مکمل فارمولہ چیئرمین پی سی بی کو ارسال کر دیا جائے گا اور آئندہ ایک سے دو روز میں اس کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔ کرکٹ حلقوں کے مطابق یہ فیصلہ پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے، جس سے لیگ کی عالمی سطح پر مقبولیت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

Related posts

کراچی میں فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ رقم، 232 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بنگلادیش کا بھارت نہ جانے کے مؤقف پر اصرار، آئی سی سی سے میچز دوسرے وینیو پر منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: بنگلادیش نے آئی سی سی وفد میں شامل بھارتی اہلکار کو ویزا دینے سے انکار کر دیا