کولمبو میں جاری آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا اسکور کھڑا کیا اور پھر منظم بولنگ کی بدولت حریف ٹیم کو ہدف کے حصول سے دور رکھا۔
گروپ اے کے اس مقابلے میں امریکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے، جس میں صاحبزادہ فرحان کی 73 رنز کی عمدہ اننگز نمایاں رہی۔ ان کے علاوہ بابر اعظم نے 46 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان نے مختصر مگر جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 12 گیندوں پر 30 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مضبوط کیا۔
پاکستانی اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور دونوں کے درمیان 54 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ تاہم اس کے بعد یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا، مگر مڈل آرڈر نے اسکور کو مستحکم رکھا۔ امریکا کی جانب سے شیڈلے وین شاک وک نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
191 رنز کے تعاقب میں امریکا کی ٹیم نے مثبت آغاز کیا اور ابتدائی شراکت میں 42 رنز بنائے، تاہم پاکستانی بولرز نے بروقت وکٹیں حاصل کرکے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔ امریکا کی جانب سے شیان جہانگیر نے 49، شبھم رانجانے نے 51 اور ملند کمار نے 29 رنز بنائے، لیکن دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
پاکستان کی طرف سے عثمان طارق نے 3 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ شاداب خان نے 2 اور محمد نواز، ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ امریکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز تک محدود رہی۔
امریکا کے خلاف اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے نہ صرف ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح سمیٹی بلکہ 2024 میں ہونے والی شکست کا بدلہ بھی چکا دیا۔ اس سے قبل گرین شرٹس نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان اپنا اگلا میچ 15 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا، جسے شائقین کرکٹ بے حد دلچسپی سے دیکھنے کے منتظر ہیں۔