کولمبو میں جاری آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران سری لنکن کرکٹر بھانوکا راجاپکسا کے ایک بیان نے نیا تنازع کھڑا کردیا ہے۔ انہوں نے بھارتی بیٹرز کے استعمال کردہ بلّوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ کھلاڑی ایسے بلّے استعمال کررہے ہیں جو انہیں غیر معمولی برتری فراہم کرتے ہیں۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سری لنکا نے آئرلینڈ کو 20 رنز سے شکست دے کر اپنی ورلڈکپ مہم کا کامیاب آغاز کیا۔ تاہم میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راجاپکسا کے بیانات نے کھیل کے نتیجے سے زیادہ توجہ حاصل کرلی اور کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی۔
نیوز وائر سے بات کرتے ہوئے بھانوکا راجاپکسا نے کہا کہ بھارتی بیٹرز کے بلّے عام دستیاب بلّوں سے مختلف اور کہیں بہتر دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے بقول یہ محسوس ہوتا ہے جیسے ان بلّوں پر کسی ربڑ یا خاص مواد کی تہہ موجود ہو، جس سے بیٹنگ میں اضافی فائدہ ملتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایسے بلّے دیگر کھلاڑیوں کے لیے آسانی سے دستیاب نہیں ہوتے۔
اگرچہ راجاپکسا نے ان الزامات کے حوالے سے کسی باضابطہ شکایت کا اندراج نہیں کروایا، تاہم ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں اور بحث تیز ہوگئی ہے۔ کرکٹ شائقین اور ماہرین اس معاملے پر مختلف آرا کا اظہار کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ بھانوکا راجاپکسا اس وقت سری لنکا کے ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے تاحال ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، جس کے باعث معاملہ مزید توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔