لاہور: چینی وفد نے پی ڈی ایم اے پنجاب ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا اور دیگر افسران نے وفد کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات کے دوران سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں، متاثرین کی بحالی اور ادارے کے جدید مانیٹرنگ سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سیلابی صورتحال پر بریفنگ
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا جس سے دریائے راوی، ستلج اور چناب کے کنارے واقع 47 سو سے زائد موضع جات متاثر ہوئے۔
• سیلاب سے مجموعی طور پر 47 لاکھ 60 ہزار افراد متاثر ہوئے۔
• 26 لاکھ 30 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
• متاثرہ اضلاع میں 271 ریلیف کیمپس، 300 میڈیکل کیمپس اور 283 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے۔
• اب تک 19 لاکھ سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
• مختلف حادثات میں 134 شہری جان بحق ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور متاثرہ افراد کے نقصانات کے ازالے کے لیے مربوط اقدامات جاری ہیں۔
چینی وفد کی پذیرائی
چینی وفد نے پی ڈی ایم اے کی امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ ملاقات کے دوران باہمی تعاون اور شراکت داری کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور نقصانات کے ازالے کے لیے حکومت تمام وسائل استعمال کر رہی ہے۔